۔سپریم کورٹ: خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کرنے کا حکم معطل

محکمہ موسمیات کی رپورٹ ای سی پی نے دیکھنی تھی عدالت نے نہیں، پشاور ہائیکورٹ کو فیصلہ دینے کی اتنی جلدی کیا تھی؟ جسٹس اعجاز الاحسن

آسلام آباد (کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا انعقاد ملتوی کرنے کا پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔

جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس عائشہ ملک پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کے خلاف الیکشن کمیشنض کی اپیل پر سماعت کی۔

الیکشن کمیشن کے وکیل افنان کریم کنڈی نے مؤقف اپنایا کہ پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ نے الیکشن کمیشن کو سنے بغیر بلدیاتی انتخابات کا شیڈول موخر کر دیا، یکم فروری کی سماعت کا نوٹس 2 فروری کو موصول ہوا۔

وکیل کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو نوٹس ملنے تک ہائی کورٹ بلدیاتی انتخابات موخر کر چکی تھی، 5 اضلاع میں انتخابی شیڈول مؤخر کرنے کی درخواست پر 18 اضلاع کا الیکشن موخر کر دیا گیا۔

عدالت میں شکایت گزاروں کی پیروی کرنے والے وکیل نے استدلال کیا کہ موسمی حالات کے پیش نظر 27 مارچ کو انتخابات نہیں ہو سکتے۔

ای سی پی کی اپیل پر جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کو فیصلے سے پہلے الیکشن کمیشن کا مؤقف سننا چاہیے تھا، اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ خیبرپختونخوا میں موسمی حالات الیکشن میں رکاوٹ ڈال سکتے ہیں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کو الیکشن کمیشن نے دیکھنا تھا عدالت نے نہیں، ہائی کورٹ کو فیصلہ دینے کی اتنی جلدی کیا تھی؟

بعدازاں فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیسں کی سماعت پیر 14 فروری تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔