عمر عطا بندیال باضابطہ طور پر ملک کے اگلے چیف جسٹس مقرر

166

جسٹس عمر بندیال یکم فروری کو چیف جسٹس گلزار احمد کے عہدے سے رخصت ہونے کے بعد 2 فروری 2022 کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عمر بندیال کو ملک کے چیف جسٹس کے عہدے پر تعینات کردیا۔

رپورٹ کے مطابق جسٹس عمر بندیال یکم فروری کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کے عہدے سے رخصت ہونے کے بعد 2 فروری 2022 کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، ان کا تقرر 21 دسمبر 2019 کو عدالت عظمیٰ میں کیا گیا تھا۔

آئین کے آرٹیکل 177 کے مطابق آرٹیکل 175 (3) میں دیئے گئے اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عمر عطا بندیال کو چیف کے عہدے پر تعینات کیا.

وزارت قانون و انصاف کی جانب سے 17 جنوری 2022 کو جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ جسٹس عمر بندیال بطور چیف جسٹس 2 فروری 2022 سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد جسٹس عمر بندیال کی میز پر 51 ہزار 766 مقدمات فیصلے کے منتظر ہوں گے، پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں اور ضلعی عدالتوں میں کم و بیش 21 لاکھ کیسز زیر التوا ہیں۔