پی این اے سی کے معیار سے مطابقت کے لیے لیبز کی تزئین و آرائش کے بعد جلد لائسنس کے اجرا کی درخواست دی جائے گی، پی ایس کیو سی اے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)غیر منظور شدہ ہونے کے باوجود، پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے)کی 13 لیبارٹریز ملک بھر میں خوردنی اور غیر خوردنی اشیاء کی تصدیق کر رہی ہیں۔
روزنامہ سرزمین کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی قومی ایکریڈی ایشن کونسل (پی این اے سی) کی ویب سائٹ کے مطابق پی این اے سی، پی ایس کیو سی اے کے کراچی میں واقع 9 اور لاہور میں واقع 4 لیبز کو غیر منظور شدہ قرار دے چکی ہے۔
ویب سائٹ نے پی ایس کیو سی اے کے تمام لیبز کے نام ختم شدہ معیاد کی تاریخ کے ہمراہ درج کیے گئے ہیں۔
7 لیبز کا لائسنس اکتوبر 2021 کو ختم ہوا لیکن پی ایس کیو سی اے اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے مذکورہ لیبز کے تصدیق کے حوالے کوئی حکمت عملی پیش نہیں کی گئی، جس کے نتیجے میں پی این اے سی نے لیب کو ان کے کام کے لیے نا اہل قرار دے دیا ہے۔
نمائندہ سرزمین سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایس کیو سی اے کے قائم مقام جنرل ڈائریکٹر عطاالرحمٰن نے تسلیم کیا کہ عدم تعمیل کی وجہ سے ان لیبز کی منظوری معطل ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ منظوری معطل ہونے سے متعلق متعدد مسائل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ کراچی کے 4 اور لاہور کے 2 لیبز کے لیے جلد لائسنس لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی این اے سی کے معیار سے مطابقت کے لیے ان لیبز کی تزئین و آرائش بھی کی جائے گی، اور ان کا لائسنس حاصل کرنے کے لیے جلد درخواست دی جائے گی