پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے سنسنی خیز مقابلوں کا آج سے کراچی میں آغاز ہو رہا ہے اور افتتاحی میچ آج دفاعی چمپیئن ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے مابین کھیلا جائے گا۔
پاکستان سپر لیگ 2022 کے میچز دو مرحلوں میں منعقد ہوں گے جہاں پہلا مرحلہ کراچی اور دوسرا لاہور میں منعقد ہو گا۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے آغاز سے قبل وسیم اکرم، وہاب ریاض اور حیدر علی بھی کورونا میں مبتلا
ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی گزشتہ دو ایڈیشنز کی طرح اس سال بھی لیگ پر کورونا کے سائے منڈلا رہے ہیں اور چند کھلاڑی پہلے ہی وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور بلے باز حیدر علی کے بھی کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں جبکہ کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے۔
لیگ میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کراچی میں صرف 25فیصد شائقین کے ساتھ میچز کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے اور صرف 8ہزار شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہو گی۔
کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے والے ویرینٹ ’اومیکرون‘ کے باعث آنے والی وبا کی پانچویں لہر سے بچاؤ کے لیے پی ایس ایل 2022 کی پلیئنگ کنڈیشنز میں ترامیم شامل کی ہیں۔