ہالی وڈ فلم ’The Matrix‘ تو سب نے ہی دیکھی ہوگی جس میں ہیرو کا سلو موشن میں پیچھے کی طرف جھکتے ہوئے گولیوں کی بوچھاڑ سے بچنا مقبول ترین سین ہے۔
فلم میں ایسے ایکشن سے بھرپور کرتب تو سمجھ آتے ہیں لیکن حقیقی زندگی میں اگر آپ کے سامنے کوئی ایسا کرے تو آپ کا ردعمل کیا ہوگا؟ ضرور آپ حیران ہوجائیں گے اور اگر ایسا کرنے والی سجی سنوری دلہن ہو تو؟
جی ہاں ایسی ہی ایک ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جو ممکنہ طور پر بھارت کی ہے کیوں کہ ہندو مذہب میں شادی کے موقع پر دلہا اور دلہن ایک دوسرے کو ’ورمالا‘ یعنی پھولوں کا ہار پہناتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکا اور لڑکی اسٹیج پر کھڑے ہیں اور دلہا دلہن کو ورمالا پہنانے کیلئے ہاتھ آگے بڑھاتا ہے لیکن دلہن پیچھے کی طرف جھکتی ہے۔
دلہا مزید آگے بڑھتا ہے لیکن دلہن پیچھے کی طرف مزید جھکتی جاتی ہے یہاں تک کہ اس کا جھکاؤ حیران کن طور پر تقریباً 90 ڈگری تک پہنچ جاتا ہے اور دلہا ورمالا نہیں پہنا پاتا۔