رحمٰن ملک کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جس کے باعث ان کے پھیپھڑے شدید متاثر ہوگئے تھے، خاندانی ذرائع
اسلام آباد (ہیلتھ رپورٹر)سابق وفاقی وزیر داخلہ و *سینیٹر رحمٰن ملک تشویشناک حالت میں اسلام آباد کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما کے ترجمان نے بتایا کہ رحمٰن ملک گزشتہ 10 روز سے شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں طبیعت زیادہ بگڑنے پر 2 روز قبل انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔
ان کے خاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ رحمٰن ملک کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جس کے باعث ان کے پھیپھڑے شدید متاثر ہوگئے تھے.
خاندانی ذرائع کا رحمٰن ملک کی بیماری کے حوالے سے مزید بتانا تھا کہ گزشتہ 15 روز سے ان کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی اور انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔
رحمٰن ملک کے اہلِ خانہ نے ان کی صحتیابی کے لیے عوام سے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔
دوسری جانب سابق صدر و پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے رحمٰن ملک کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
سابق صدر آصف زرداری نے رحمٰن ملک کے لیے جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے گلدستہ بھی بھجوایا۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے پہلے سیاستدان تھے جن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ آئسولیشن میں رہنے کے بعد صحتیاب ہو گئے تھے۔