دونوں ممالک کے درمیان معاملات بہتر ہوئے تو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ایک ماہ کے اندر پاکستان کا دورہ کرسکتے ہیں، میاں محمد منشا
لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت میاں محمد منشا نے دعویٰ ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بیک چینل کے ذریعے بات چیت جاری ہے جس کے اچھے نتائج نکلنے کی امید ہے۔
لاہور کے ایوان صنعت و تجارت میں کاروباری حضرات سے بات کرتے ہوئے نشاط گروپ کے چیئرمین نے بتایا کہ اگر دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان معاملات بہتر ہوئے تو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ایک ماہ کے اندر پاکستان کا دورہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے دونوں ممالک پر اپنے تنازعات کو حل کرنے اور خطے میں موجود غربت کے خلاف لڑنے کے لیے تجارت شروع کرنے پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر معیشت بہتر نہیں ہوئی تو ملک تباہ کن نتائج کا سامنا کرے گا، پاکستان کو چاہیے کہ بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات ٹھیک کرے اور معاشی ترقی کے لیے ریجنل اپروچ اپنائے۔
انہوں نے کہا کہ یورپ نے دو جنگِ عظیم لڑیں لیکن پھر آخر کار امن اور خطے کی ترقی کے لیے معاملات حل کیے، کوئی دشمنی مستقل نہیں ہوتی۔
خیال رہے ک پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی تعلقات اگست 2019 سے معطل ہیں جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت یا خود مختاری دینے والے قانون کو منسوخ کردیا تھا۔
گزشتہ موسم سرما کے دوران بھی خطے کی دونوں معیشتوں کے درمیان ایک خلیجی ریاست کی ثالثی میں بیک چینل مذاکرات ہونے کی اطلاعات آئی تھیں۔