انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر اور پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل جیسن روئے کا کہنا ہے کہ انہوں نے ماضی میں پاکستان میں اپنا قیام انجوائے کیا۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں جیسن روئے نہ کہا کہ اکتوبر میں دورے کی منسوخی کے بارے میں انہیں نہیں ملعوم کیا باتیں ہوئی تھیں، یہ فیصلے ان سے اوپر کے عہدے والوں کے ہیں اور وہ اس پر اپنی رائے نہیں دے سکتے کہ انگلینڈ کو اس وقت جانا چاہیے تھا یا نہیں، فیصلہ باسز نے کیا تھا اور وہ اس کا احترام کرنے کے پابند تھے۔
تاہم انگلش وائٹ بال ٹیم کے پلیئر نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں پاکستان میں اپنا قیام انجوائے کیا تھا اور ساتھی کرکٹرز سے بھی اپنا تجربہ شیئر کیا تھا۔
جیسن روئے کا کہنا تھا کہ امید ہے جب انگلینڈ کی ٹیم ورلڈ کپ سے قبل ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی تو پلیئرز یہاں کے معاملات خود دیکھ لیں گے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انگلینڈ پاکستان کا دورہ کرے گی؟ تو انہوں نے کہا کہ دورہ شیڈول میں شامل ہے، اُمید ہے دورہ ہوگا۔
واضح رہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم کو سات ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کیلئے ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ انگلش ٹیم ستمبر میں دو اضافی میچز کھیل رہی ہے جو اس نے اکتوبر کے منسوخ شدہ دورے میں کھیلنا تھے۔