اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے اختلافات سیاسی بات چیت سے حل کرنے چاہئیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ وزیر اعظم بننے کے بعد کھیل دیکھنے کا موقع نہیں ملا، ونٹر اولمپکس پر چینی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ پاکستان اور چین کی دوستی منفرد ہے جبکہ پاک چین دوستی ہر مشکل میں توقعات پر پوری اتری۔ ہمارے مستحکم تعلقات کی وجہ سے پورے خطے میں امن ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا فلیگ شپ منصوبہ ہے اور سی پیک کا پہلا مرحلہ مواصلاتی رابطوں اور توانائی منصوبوں پر مشتمل تھا اور اب ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ خطے میں تمام سیاسی اختلافات مذاکرات سے حل ہونے چاہئیں۔ افغانستان کو سنگین انسانی بحران کا سامنا ہے اور افغانستان کا زیادہ تر انحصار غیرملکی امداد پر ہے لیکن دنیا نے افغانستان کے مالی اثاثے منجمد کر دیئے اور اب افغانستان میں غربت، بھوک اور قحط کا خدشہ ہے۔