پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل انگلینڈ کے کرکٹر جیمز وینس کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں شیڈول انگلینڈ ٹیم کا دورہ پاکستان پروگرام کے مطابق نہ ہوپانا مایوس کن تھا۔
جیو نیوزکو انٹرویو میں جیمز وینس نے کہا کہ وہ متعدد بار پاکستان آچکے ہیں، یہاں خود سکیورٹی انتظامات دیکھے اور ان کا پاکستان کے بارے میں ہمیشہ مثبت تاثر رہا ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ اکتوبر میں انگلش ٹیم پاکستان نہیں آئی تھی، اس خبر پر ان کا کیا ردعمل تھا تو انہوں نے کہا کہ ان فیصلوں میں پلیئرز کا عمل دخل نہیں ہوتا،یہ ان کے فیصلے ہیں جو اس کام کے انچارج ہوتے ہیں، کبھی کبھار آپ کی خواہش ہوتی ہے کہ معلوم کریں کہ دورہ کیوں نہیں ہوا مگر آپ کو جواب نہیں ملتا، یقینی طور پر یہ ایک مایوس کن لمحہ تھا کہ دورہ شیڈول کے مطابق نہیں ہوسکا لیکن وہ اس بات پر تبصرہ نہیں کرسکتے کہ دورہ کیوں نہیں ہوا۔
جیمز وینس نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں انگلینڈ سے بڑی تعداد میں کرکٹرز شریک ہیں اور یقینی طور پر جب وہ اپنے ملک اور اپنی کاؤنٹیز میں واپس جائیں گے توہ اس دورے کے بارے میں اپنا تجربہ شیئر کریں گے۔
جیمز وینس کے مطابق ان کی نظر میں پاکستان کے بارے میں مثبت رائے ہی دی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ماضی میں بھی پاکستان کو بہت انجوائے کیا اور ساتھی کرکٹرز کو یہاں کے بارے میں مثبت رائے ہی دی۔