اب تک ناقابل شکست ملتان سلطانز سابقہ کارکردگی دہراتے ہوئے آج پشاور زلمی پر دوسری بار ہاتھ صاف کر
نے کی کوشش کریں گے
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پْرعزم بیٹرز اور پْرجوش بولرز میں اعصاب شکن معرکوں کیلیے لاہور میں میدان سج گیا جب کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7کے دوسرے مرحلے کا آج سے قذافی اسٹیڈیم میں آغاز ہوگا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا 27 جنوری سے شروع ہونیوالا پہلا مرحلہ 7 فروری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مکمل ہوا،اس دوران مجموعی طور پر کھیلے گئے 15 سنسنی خیز میچز میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کی بالادستی قائم رہی، محمد رضوان کی قیادت میں ٹیم نے اپنے تمام پانچوں میچز میں کامیابی حاصل کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ 6پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر براجمان ہے، لاہور قلندرز کے پوائنٹس بھی 6ہیں مگر رن ریٹ کی بنیاد پر تیسرے نمبر پر موجود ہے،اب تک2،2 میچز جیتنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کا پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب چوتھا اور پانچواں نمبر ہے۔
تمام پانچوں میچز میں شکست کے باعث بابراعظم کی زیرقیادت کراچی کنگز کیلیے ٹورنامنٹ کے باقی ماندہ میچز جیتنا ناگزیر ہوگیا ہے۔ لاہور میں میچز کا جمعرات سے آغاز ہوگا۔
Q
قذافی اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مقابل ہوں گی،محمد رضوان الیون ناقابل شکست ٹیم کا اعزاز برقرار رکھنے کا عزم لیے میدان میں اترے گی،وہاب ریاض الیون کی نگاہیں پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن بہتر بنانے پر مرکوز ہوں گی۔
کراچی میں کھیلے جانے والی گزشتہ مقابلے میں پشاور زلمی کو 57رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا،جمعرات کو شیڈول میچ کیلیے ملتان سلطانز کو مستحکم بیٹنگ لائن کی خدمات حاصل ہیں۔