اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب میں بلدیاتی حکومت کے انتخابات کے انعقاد کے لیے حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستیں جاری کر دیں۔
رپورٹ کے مطابق 27 دسمبر 2021 کو جاری کردہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے شیڈول کے مطابق حد بندیوں کے لیے قائم کمیٹیوں نے صوبے میں کمیشن کے تمام 36 ضلعی دفاتر میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقوں کی ابتدائی فہرستیں آویزاں کر دی ہیں، ان فہرستوں میں نیبرہڈ اور ویلج کونسلوں کی تفصیلات شامل ہیں۔
ای سی پی کی حلقہ بندی کمیٹیوں نے الیکشن ایکٹ 2017 اور پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021 کے تحت نیبرہڈ اور ویلج کونسلز کی حدود کا تعین کیا ہے، جس کے مطابق کم از کم 2 ہزار544 نیبرہڈ کونسلز اور 3 ہزار 128 ویلج کونسلز تشکیل دی گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ووٹرز اپنے متعلقہ حلقوں کی حد بندی کو 25 فروری تک الیکشن کمیشن کی جانب سے مقرر کردہ متعلقہ حکام کے سامنے چیلنج کر سکتے ہیں اور حکام ووٹرز کے اعتراضات پر 12 مارچ تک فیصلہ کریں گے۔
ای سی پی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے علاوہ ڈویژنل سطح پر تمام علاقائی الیکشن کمشنرز کو حلقہ بندیوں سے متعلق حکام کے طور پر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ لاہور میں صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے ڈائریکٹر (لیگل) حد بندی اتھارٹی کے حکام طور پر کام کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پہلے سے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق انتخابی حلقوں کی حتمی فہرست 22 مارچ کو جاری کی جائے گی۔