نواز شریف کے دل کی دو شریانیں بہترین کام کر رہی ہیں جبکہ ایک شریان بند ہے جس سے ان کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں، خصوصی میڈیکل بورڈ
لاہور(ہیلتھ رپورٹر)پنجاب حکومت کے خصوصی میڈیکل بورڈ (ایس ایم بی) کے مطابق سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف کے دل کی شریانیں صحیح کام کر رہی ہیں۔
معاملے کی پیش رفت سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ ’بورڈ کی رائے ہے کہ نواز شریف کے دل کی دو شریانیں کورونری اور لیفٹ انٹرئیر ڈسینڈنگ (ایل اے ڈی) بہترین کام کر رہی ہیں جبکہ سرکمفلیکس شریان بند ہے جس سے ان کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں‘۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ کے ماہرین نے نواز شریف کی نئی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں کچھ نیا نہیں ہے اسی طرح کی رپورٹس پہلے بھی موجود ہیں، نواز شریف نے گزشتہ دو سالوں میں بہترین علاج کروایا ہے، اب انہیں کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہے۔
تاہم ذرائع نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف کے واپس آنے پر انہیں جیل بھیجنا ان کے دل کی بیماری میں پیچیدگی کا سبب بن سکتا ہے۔