کراچی (سٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری کا کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم کوئی طریقہ نکال کر اس حکومت سے نجات حاصل کریں، پیکا کے بل کے تحت حکومت ان لوگوں کو اٹھارہی ہے جو ان سے اتفاق نہیں کرتے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی مارچ شروع کرنے جارہی ہے، 27 فروری کو صبح 10 بجے قائد اعظم کے مزار سے ہم اپنا یہ سفر شروع کریں گے، ہم اپنے پلان کے حوالے سے آگے بھی آگاہ کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں بلاول بھٹو مارچ کے دوران ناصر باغ میں خطاب کریں گے، 7 مارچ کو راولپنڈی میں بھی خطاب ہوگا اور 8 مارچ کو ہم اسلام آباد میں ہوں گے، یہ سفر صرف پیپلزپارٹی کا سفر نہیں ہے، آج ہم سب سفر کر رہے ہیں، سب لوگ پریشان ہیں، یہ قافلہ پورے پاکستان کا مارچ ہے، آئیں مل کر اسلام آباد کا رخ کریں۔