کراچی(کورٹ رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے انفرا اسٹرکچرل انجینئرز کے بغیر بڑے پیمانے پر تعیرات کے خلاف درخواست پر کنٹونمنٹ بورڈ کو جامع جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
ہائیکورٹ میں انفرا اسٹرکچرل انجینئرز کے بغیر بڑے پیمانے پر تعمیرات کے درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ بتایا جائے، کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن میں گراؤنڈ پلس ٹو کی کتنی عمارتیں ہیں؟ بتایا جائے، کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے پینل پر کتنے انفرااسٹرکچرل انجینئرز ہیں؟
عدالت نے استفسار کیا کہ بتایا جائے، کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن نے اپنی حدود میں کتنی عمارتوں کے خلاف ایکشن لیا؟ کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن میں کتنی عمارتیں بغیر منظوری کے بنائی گئیں؟
دوران سماعت عدالت نے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن وکیل سے مکالمہ میں کہا کہ یہ دہلی کالونی اور اطراف 11 ، 11 منزلہ عمارتیں کیسے بن رہی ہیں؟ جب یہ گرنا شروع ہوئیں تو معلوم ہے کیا ہوگا؟ کس قانون کے تحت 11 ، 11 منزلہ عمارتیں بنا رہے ہیں؟ آپ کی حدود میں تو گراؤنڈ پلس ٹو سے زائد کی اجازت نہیں۔
عدالت نے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کو جامع رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔