امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات کی انتہائی معتبر رپورٹس ملی ہیں کہ روس یوکرین پر کیے جانے والے حملوں میں جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے اور جنگی جرائم کی تحقیقات میں تنظیموں کی مدد کے لیے ان رپورٹس کو مرتب کررہا ہے۔
سی این این کے ‘اسٹیٹ آف دی یونین’ شو میں گفتگو کرتے ہوئے انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہم نے عام شہریوں پر جان بوجھ کر کیے جانے والے حملوں کی بہت معتبر رپورٹیں دیکھی ہیں جو جنگی جرم کے مترادف ہے، ہم نے بعض ہتھیاروں کے استعمال کے بارے میں بہت معتبر رپورٹیں دیکھی ہیں۔
مزید پڑھیں: امریکی قانون ساز کا بھارت سے روس کی مذمت کرنے کا مطالبہ
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت ان تمام ثبوتوں کو دستاویزی شکل دے رہے ہیں، ان سب کو ایک ساتھ مرتب کررہے ہیں، اس کو دیکھنا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ لوگ اور مناسب تنظیمیں اور ادارے اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا جنگی جرائم ہوئے ہیں یا کیے جا رہے ہیں یا نہیں۔