اللہ کا شکر ہے ٹیکس کلیکشن بڑھتی جارہی ہے، جیسے جیسے ٹیکس مزید بڑھے گا تو نچلے طبقے کو مزید سہولیات دیں گے، عمران خان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے ٹیکس کلیکشن بڑھتی جارہی ہے، اسی لیے ہم پیٹرول پر 10 روپے چھوٹ دینے کے قابل ہوئے جبکہ سارے برصغیر میں سب سے سستا پیٹرول ہم دے رہے ہیں۔
اسلام آباد میں احساس راشن رعایت اسکیم کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل دبئی سے بھی سستا ہے، جیسے جیسے ٹیکس مزید بڑھے گا تو نچلے طبقے کو مزید سہولیات دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ احساس راشن رعایت پروگرام اس لیے لانچ کر رہے ہیں کیونکہ آج دنیا بھر میں مہنگائی کی لہر آگئی ہے۔
کا کہنا تھا کہ احساس رعایت راشن اسکیم کے تحت 2 کروڑ خاندانوں کو 30 فیصد ماہانہ رعایت دی جائے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے تحت 2 کروڑ خاندانوں کو یہ سہولت دیں گے کہ وہ کریانہ اسٹور سے جاکر آٹا، گھی اور دالوں پر 30 فیصد سبسڈی لے سکیں گے، اس سے لوگوں پر مہنگائی کا بوجھ کم ہوگا۔
انہوں نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ان کی ٹیم کو احساس راشن رعایت اسکیم پراجیکٹ تیار کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ احساس راشن اسکیم ایک بہت بڑا پراجیکٹ ہے جو مدینہ کی ریاست کی جانب روڈ میپ ہے۔