پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اپنے کچھ قانون سازوں کو اپوزیشن کے ایما پر اسلام آباد کے سندھ ہاؤس میں چھپانے کے الزام کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے کہا ہے کہ حکومت سندھ ہاؤس پر حملے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے ایک درجن کے قریب اراکین قومی اسمبلی لاپتا ہوجانے کے بیان کے بعد حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ اپوزیشن نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ سے قبل حکمران جماعت کے کچھ قانون سازوں کو سندھ ہاؤس میں چھپا لیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے ایک عوامی خطاب میں کہا تھا کہ اپوزیشن رہنما حکومتی قانون سازوں کی وفاداریاں خریدنے کے لیے نوٹوں کے تھیلوں کے ساتھ سندھ ہاؤس میں بیٹھے ہیں۔
انہوں نے الیکشن کمیشن سے مبینہ ہارس ٹریڈنگ کے خلاف کارروائی کرنے کو بھی کہا تھا۔