وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے او آئی سی اجلاس نہ ہونے دینے کی دھمکی پر انہیں جوابی دھمکی دے ڈالی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے بلاول بھٹو زرداری کی دھمکی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کا ایک فون آیا اور آپ لیٹ گئے۔
شیخ رشید نے بلاول کو بچونگڑا اور شہباز شریف کو سینئر سٹیزن قرار دیتے ہوئے کہا کوئی مائی کا لعل ہے آکر او آئی سی کانفرنس میں مداخلت کرکے تو دکھائے، اس کی چیخیں آسمان تک پہنچیں گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ بلاول کے بیان پر 22 ملکوں کے سفیروں نے تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے بتا دیا مہمانوں کی واپسی تک پاک فوج کے پاس سارے انتظامات ہیں، 25 مارچ کو جوڈو کراٹے ہونا ہیں تو ہو جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مائنس ون کوئی نہیں ہوتا، عمران خان مائنس ہو جائے تو پیچھے کون ہے، پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کو اپوزیشن سے پیسے لے کر واپس پارٹی میں آنے کا مشورہ دیتا ہوں۔