متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما وسیم اختر کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات ہوئی تاہم ابھی حتمی فیصلے تک نہیں پہنچے۔
وسیم اختر نے کہاکہ اچھی بات ہے بلاول اور آصف زرداری نے ہمارے مطالبات مانے ہیں۔
ایم کیو ایم کے سینیئر رہنما وسیم اختر نے کہا کہ مسائل حل کرنے کے لیے بظاہر ہماری نظریں اپوزیشن کی طرف ہیں ،اپوزیشن تحریری طور پر گارنٹی دے ۔
ان کا کہنا تھا کہ چاہے وزیر اعظم ہوں یا کابینہ، حکومت کی پریشانی نظر آرہی ہے۔ وسیم اختر نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن میں سے کس کے پاس کتنے ارکان اسمبلی ہیں؟ یہ بات ابھی کنفرم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ، مطالبات کی تحریری یقین دہانی کرائیں اور جن کا نفاذ ہوسکتا ہے فوری کرائیں۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ایم کیوایم حکومت کا حصہ بنے، یہ تاثر درست نہیں کہ ہم تحریری معاہدہ نہیں کرنا چاہتے ، تحریری معاہدہ ایک دو دن میں ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے ایم کیو ایم وفد نے ملاقات کی، وفد میں ایم کیو ایم کی جانب سے عامرخان، خالد مقبول صدیقی، امین الحق، وسیم اختر اور جاوید حنیف شامل تھے جب کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ناصرشاہ، سعید غنی، مرتضیٰ وہاب اور رخسانہ بنگش شریک ہوئیں۔
ملاقات کے بعد میڈیا سےگفتگو میں عامر خان کا کہنا تھا کہ مشاورت جاری ہے ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، آج کی میٹنگ بھی مشاورت کا حصہ ہے، دونوں طرف سے اچھے خیالات کا اظہار ہوا۔