امریکا نے حوثی باغیوں کے سعودی عرب کی تیل کی تنصیب سمیت دیگر مقامات پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ایران پر حوثیوں کی سہولت کاری کا الزام عائد کیا ہے۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی مشیر برائے سیکیورٹی جیک سلیوان نے کہا کہ ’سعودی عرب کے تیل کی تنصیب سمیت شہری علاقوں پر حوثیوں کے حملے دہشت گردانہ عمل ہے جس کا مقصد یمنی شہریوں کی مشکلات بڑھانا ہے‘۔
انہوں نے ایران پر الزام لگایا کہ وہ ہتھیاروں کی فراہمی کے ذریعے گروپ کی کارروائیوں میں سہولت کاری کر رہا ہے، جو بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’آج کے حملے 19 اور 20 مارچ کو واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس اور توانائی کے انفرااسٹرکچر پر کیے گئے حملوں کی طرح ہیں، ایران نے واضح طور پر یمن میں ہتھیاروں کی درآمد پر پابندی کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے‘۔