سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ بنانے کے فیصلے پر ایک جانب عمران خان تھے اور دوسری جانب پوری تحریک انصاف تھی، میں آج یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر کوئی عالمی سازش ہے تو سب سے بڑی سازش عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ بنانا تھی۔
لاہور میں چوہدری محمد سرور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ملک بھر میں اور پنجاب میں ہر حلقے میں جاکر تحریک انصاف کے لیے جلسے کیے اور عمران خان کو ملک کا وزیر اعظم بنوایا۔
انہوں نے کہا کہ میں، شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، علیم خان وزارت اعلیٰ کے لیے امیدوار تھے، فواد چوہدری بھی وزیراعلیٰ بن سکتے تھے لیکن عمران خان نے فیصلہ کیا کہ صرف عثمان بزدار ہی نیا پاکستان بنا سکتا ہے، اس فیصلے کے باوجود ہم نے اپنے جذبات پر کنٹرول کیا۔