واشنگٹن اور کیف ماسکو کی جانب سے یوکرین میں جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے کے الزام کے بعد امریکا نے روس پر مزید پابندیاں عائد کردی، نئی پابندیوں میں روسی بینکوں اور اشرافیہ کو نشانہ بنایا گیا ہے، پابندیوں میں روس میں کسی بھی امریکی پر سرمایہ کاری کرنے پر پابندی بھی شامل ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق ایک سینئر امریکی عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ نئی پابندیوں کے تحت روس کے سبربینک (ایس بی ای آر۔ایم ایم) پر مکمل بلاکنگ پابندیاں لگائی گئی ہیں، سبر بینک روس کے کل بینکنگ اثاثوں کا ایک تہائی حصہ رکھتا ہے جبکہ ان پابندیوں سے توانائی کے لین دین کو روک دیا گیا ہے۔
سرکاری عہدیدار نے مزید بتایا کہ امریکا روسی صدر ولاد یمیر پیوٹن کی بالغ بیٹیوں، روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کی اہلیہ اور بیٹی اور روس کی سلامتی کونسل کے ارکان پر بھی پابندیاں عائد کر رہا ہے جبکہ امریکیوں پر روس میں سرمایہ کاری کرنے پر بھی پابندی عائد کی جا رہی ہے۔