پنجاب اسمبلی کی دیواروں پر کانٹے دار تار بچھا دی گئی اور مرکزی دروازے کو بند کردیا گیا ہے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے مقامی ہوٹل میں اسمبلی کا علامتی اجلاس منعقد کیا گیاجہاں وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز کی حمایت میں 199اراکین نے ووٹ دیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی رکن صوبائی اسمبلی شازیہ عابد نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی جہاں علیم خان سمیت اپوزیشن اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض اراکین نے شرکت کی، ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری بھی اجلاس میں شریک نہیں تھے.
رکن صوبائی اسمبلی شازیہ عابد نے ڈان کو بتایا کہ انہیں 3 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے 40 ویں اجلاس کے لیے پینل آف چیئرمین میں منتخب کیا گیا تھا۔
پنجاب اسمبلی کے رولز آف پروسیجر 1997 کے مطابق پینل آف چیئرمین کا رکن اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی غیرموجودگی میں سیشن کی صدارت کرسکتا ہے۔