پنجاب پولیس نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی لاہور میں ان کی پانچ رہائش گاہوں اور دفاتر پر ایلیٹ فورس کے کمانڈوز کے علاوہ 450 پولیس اہلکار بھی تعینات کردیے ہیں۔
شہباز شریف نے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد ماڈل ٹاؤن میں اپنی رہائش گاہ کو وزیر اعظم کی کیمپ آفس قرار دیا تھا۔
پنجاب پولیس نے جن رہائش گاہوں اور دفاتر پر پولیس نفری تعینات کرنے کے ساتھ پولیس پیٹرولنگ کو بڑھا دیا ہے ان میں شریف خاندان کی رہائش گاہ جاتی عمرہ، 180 ایچ ماڈل ٹاوؑن میں پارٹی دفتر، 96 ایچ ماڈل ٹاؤن میں وزیر اعظم کیمپ آفس، جوڈیشل ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی میں حمزہ شریف کی رہائش گاہ اور ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے بلاک اے میں شہباز شریف کی رہائش گاہ شامل ہیں۔
ایک عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ لاہور کی سیکیورٹی برانچ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حالیہ احتجاجی تحریک کے بعد وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا ہے۔