وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن اگر سیاسی سرگرمی کے لیے اسلام آباد آنا چاہتی ہے تو قانون اور آئین کی اجازت حاصل ہے لیکن اگر کوئی انارکی پھیلانا چاہتا ہے تو اسے اجازت بالکل نہیں دی جائے گی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فرح خان کے خلاف انکوائری شروع ہو چکی، ثبوت سامنے آئیں گے تو مقدمہ بھی درج ہوگا اور وطن واپس بھی لایا جائے گا۔
یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مئی کے آخر میں اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کر رکھا ہے تاہم انہوں نے ابھی تک مارچ کی تاریخ نہیں بتائی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب آج سے 6 دن بعد فارغ ہوجائیں گے، نیا گورنر تعینات کیاجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب نے حلف نہ لے کر آئین کی خلاف ورزی کی، صدر اور وزیراعظم کی بھیجی گئی سمری 14 دن میں منظور یا اعتراض لگا کر واپس کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اسی طرح سمری دوبارہ بھیج دے تو صدر کو منظور کرنا ہوتی ہے، صدر سمری منظور نہ کرے تو 10 دن میں سمری منظور سمجھی جاتی ہے۔