متحدہ عرب امارات نے ملک کے بے روزگار شہریوں کے لیے ’بے روزگار بیمہ (انشورنس)‘ کا نیا طریقہ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹر‘ کی خبر کے مطابق متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے کہا ہے کہ خلیجی ملک علاقائی اقتصادی مسابقت کے درمیان ہنر اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
کابینہ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم، جو کہ تجارجی مرکز دبئی کے حاکم بھی ہیں، نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا ہے کہ ’انشورڈ ورکرز‘ اگر بے روزگار ہو جاتے ہیں تو محدود مدت تک ان کی کچھ مالی معاونت کی جائے گی۔
خلیجی ملک کے رہنما کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد ’لیبر مارکیٹ‘ میں مسابقت کو مضبوط کرنا، مزدوروں کے لیے ایک سماجی مدد فراہم کرنا اور سب کے لیے ایک مستحکم کام کا ماحول بنانا ہے۔