اسلام آباد: منحرف ارکان کے خلاف مزید ریکارڈ دینے کی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی گئی۔
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے 20 منحرف ارکان کے خلاف نا اہلی ریفرنسز کیس کی سماعت ہوئی، الیکشن کمیشن کی جانب سے محفوظ فیصلہ سنادیا گیا، جس میں پی ٹی آئی کی مزید ریکارڈ دینے کی درخواست مسترد کردی گئی۔ منحرف اراکین نے پی ٹی آئی کے مزید ریکارڈ دینے کی مخالفت کی تھی۔
نور عالم خان کے وکیل بیرسٹر گوہر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نور عالم خان ابھی بھی پارٹی کا حصہ ہیں، اور انہوں ںے کبھی ایسا تاثر نہیں دیا کہ پارٹی چھوڑ رہا ہوں، انہوں نے پارٹی کے کچھ فیصلوں سے اختلاف کیا جو جمہوریت کا حصہ ہے، اور انہوں نے کسی اور پارلیمانی پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کی، نور عالم خان نے تحریک عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹ بھی کاسٹ نہیں کیا، اس لئے ان پر آرٹیکل 63 ون (اے) کا اطلاق نہیں ہوتا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی وکیل فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کروں گا، الیکشن کمیشن فیصلے کی کاپی فراہم کرے، یہ کیس ہماری نظر میں متنازعہ ہوچکا ہے۔