وزیراعظم شہباز شریف حکومتی اتحادیوں کے ساتھ جلد ہی مشاورتی اجلاس منعقد کریں گے، جس میں اتحادیوں کو لندن میں کیے گئے فیصلوں پر اعتماد میں لیا جائے گا۔
شہبازشریف لندن اور متحدہ عرب امارت (یو اے ای) کا دورہ کرنے کے بعد اتوار کی صبح 9 بجکر 30 منٹ پر وفاقی دارالحکومت پہنچے، یو اے ای میں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے مرحوم صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی وفات پر تعزیت کی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم لندن میں اجلاس کے دوران کیے جانے والے فیصلوں کے بارے میں اتحادی جماعتوں کو آگاہ کریں گے، مستقبل کے لائحہ عمل کا متفقہ طور پر فیصلہ کریں گے اور اس کے بعد شہبازشریف قوم سے خطاب کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم دو میں سے ایک آپشن کا انتخاب کریں گے، وہ اگلے عام انتخابات کا اعلان کریں گے تاکہ پاکستان تحریک انصاف کے جارحانہ موقف کے اثر کو زائل کیا جاسکے، یا پھر ملک میں جاری غیر معمولی معاشی بحران پر قابو پانے کا عزم کریں گے۔