کراچی کے علاقے کھارادر میں دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور 12 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دھماکا کھارادر پولیس اسٹیشن کی حدود میں میمن مسجد کے قریب اقبال کلاتھ مارکیٹ میں ہوا۔ دھماکے کے بعد کپڑے کی دکان میں آگ لگ گئی جس پر اب قابو پالیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق بم ایک موٹرسائیکل میں نصب تھا، دھماکے میں کھارادر تھانے کی پولیس موبائل تباہ ہوگئی، پولیس موبائل جیسے ہی موٹر سائیکل کے قریب آئی دھماکا ہوگیا۔
جاں بحق خاتون رکشے میں سوار تھیں
ایس ایس پی سٹی شبیر سیٹھار کے مطابق جاں بحق خاتون رکشے میں سوار تھیں، پولیس موبائل کامعمول کاروٹ تھا، دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، موبائل کے آگے رکشہ آنے پر موبائل ہلکی ہوئی تو دھماکاہوگیا۔
زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں اےایس آئی سمیت 3اہلکارزخمی ہوئے ہیں، پولیس موبائل کاڈرائیورمحفوظ رہا۔
دھماکے کے نتیجے میں موقع پرموجود متعدد موٹر سائیکلز کو نقصان پہنچا جبکہ موقع پر موجود ایک پولیس موبائل کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔