وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ترکی کے درمیان مثالی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی گزشتہ 75 برسوں سے ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات سیاسی تبدیلیوں سے بالاتر ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکی کے 3 روزہ دورے سے قبل ترک میڈیا انادولو ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم آج ترکی روانہ ہوں گے، اپنے دورے کے دوران وہ ترک تاجروں سے ملاقات کریں گے، جمہوریہ ترکی کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر جائیں گے اور ترک صدر رجب طیب اردووان کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر ایک یادگاری تختی جاری کریں گے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری گزشتہ روز انقرہ پہنچے جہاں انقرہ کے گورنر واسپ ساہن نے ان کا استقبال کیا۔