پاکستان میں ترقی کی راہ میں رکاوٹ کا اصل مسئلہ سیاسی نظام نہیں بلکہ آئین کے تقدس کو نہ ماننا ہے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی
اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو جن سنگین چیلنجز کا سامنا ہے وہ 1971 میں سقوط ڈھاکہ کے وقت یا 1998 کے جوہری تجربات کے بعد اقتصادی پابندیوں سے بھی بدتر ہیں۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پی آئی ڈی ای) کے زیر اہتمام ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی غیر ایماندارانہ پالیسیوں کی وجہ سے ترقیاتی بجٹ 2017 کے ایک ٹریلین روپے سے کم ہو کر رواں سال 500 ارب روپے سے بھی کم رہ گیا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان میں ترقی کی راہ میں رکاوٹ کا اصل مسئلہ سیاسی نظام نہیں بلکہ آئین کے تقدس کو نہ ماننا ہے۔
ان کا یہ بیان 4 جون کو سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی (اے پی سی سی) کے آئندہ مالی سال کے لیے تقریباً 800 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی منصوبے (اے ڈی پی) کو حتمی شکل دینے کے لیے طے شدہ اجلاس سے صرف 2 روز پہلے سامنے آیا ہے۔
پچھلے 2 روز سے جاری ترقیاتی پروگراموں کے حتمی جائزے کے مطابق بڑے مالیاتی خسارے کی وجہ سے رواں سال کا وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام 480 ارب روپے تک محدود ہے۔
قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اجلاس آئندہ سال کے ترقیاتی پروگرام کی منظوری کے لیے عارضی طور پر 7 جون کو شیڈول کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کی زیر قیادت این ای سی میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ اور اتنے ہی وفاقی وزرا شامل ہیں جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم اور گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ خصوصی مبصر کے طور پر اجلاس میں شامل ہیں، وفاقی بجٹ 10 جون کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔