پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس شروع ہونے کی امید پیدا ہوگی، اپوزیشن ارکان نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں جانے کا فیصلہ کرلیا۔
تحریک انصاف کے ارکان پنجاب اسمبلی ایوان میں پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور پی ٹی آئی کے رکن سبطین خان کا کہنا ہے کہ کچھ دیر میں اجلاس شروع ہو جائے گا، ہم نے اسپیکر سے درخواست کی ہے کہ اجلاس شروع کریں، اگر حکومت کو 12 کروڑ عوام کا خیال ہے تو وہ بجٹ پیش کردیں۔
پی ٹی آئی کے رکن میاں محمود الرشید کا بھی کہنا ہے کہ اجلاس شروع ہونے لگا ہے، وزیر اعلیٰ کے ایوان میں نہ ہونے کے باعث حکومتی ارکان کی تعداد کم ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کا بجٹ پیش ہونا تھا لیکن اسپیکر پرویز الٰہی اور پی ٹی آئی ارکان نے اجلاس شروع کرنے سے قبل اپنے مطالبات ن لیگ کے سامنے رکھ دیے تاہم مسلم لیگ (ن) نے تحریک انصاف اور اسپیکر پرویز الٰہی کی شرائط ماننے سے صاف انکار کردیا ہے جب کہ اسپیکر کی غیرقانونی حرکت کا جواب دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔