بیک اپ پاور دستیاب ہونے کے باوجود سیلولر آپریٹرز کے لیے بجلی کی طویل بندش سے نمٹنا تقریباً ناممکن نظر آرہا ہے، ٹیلی کام کمپنیاں
اسلام آباد(کامرس رپورٹر) ٹیلی کام انڈسٹری نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایندھن کی زیادہ قیمتوں اور بیٹری کی درآمد پر عائد سخت شرائط کے ساتھ ساتھ بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو کنیکٹیویٹی کے مسائل جنم لے سکتے ہیں۔
معروف سیلولر موبائل آپریٹرز جاز، ٹیلی نار، پی ٹی سی ایل اور یوفون نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو لکھے گئے خط میں کہا کہ جنریٹرز اور بیٹریوں کی شکل میں بیک اپ پاور دستیاب ہونے کے باوجود سیلولر آپریٹرز کے لیے ان بجلی کی طویل بندش سے نمٹنا تقریباً ناممکن نظر آرہا ہے۔
یہ خط ٹیلی کام ریگولیٹر کی توجہ معیشت کے کچھ اہم عوامل کی طرف مبذول کروانے کے لیے لکھا گیا تھا جو براہ راست رکاوٹ ہیں اور خدشہ ہے کہ آپریٹرز کی موجودہ سروس کے معیار کی ذمہ داریوں کو پورا، اہم کارکردگی کے اشاریوں نیز لائسنس کی نئی شرائط کے تحت ہمارے نیٹ ورک رول آؤٹ کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی صلاحیت پر مزید اثرانداز ہوں گے۔
انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ ایندھن کی تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمتیں ان کے بیس ٹرانسیور اسٹیشن سائٹس کے لیے جنریٹر بیک اپ کی فراہمی پر اضافی رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہیں۔