ڈینگی ڈے حکومتی اقدامات اور ہمارا عزم

123

میری بات۔۔۔مدثر قدیر

گزشتہ روز انسداد ڈینگی ڈے منایا گیا جس کا نوٹیفیکیشن حکومت پنجاب نے جون میں کردیا تھا اور تمام محکموں،ٹیچنگ نان ٹیچنگ ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کو اس حوالے سے آگاہی تقریبات جن میں خصوصی طور پر سیمینارز اور واکس کا اہتمام کرنے کی ہدایات کی گئیں جس کے بعد اس دن کی اہمیت کو عوام تک وضح کرنے کے لیے اس دن کو اس عزم کے ساتھ منایاگیا کہ ہمیں اپنے طور پر بھی ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جن کی وجہ سے اس ڈینگی کا موجب مچھر اپنا سر نہ اٹھا سکے اور ہم معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کردار مثبت طریقے سے ادا کرسکیں۔
انسداد ڈینگی کی بڑی تقریب محکمہ صحت کے دفتر میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں ہوئی جس میں زیر انتظام ڈینگی ڈے بھر پور انداز میں منایا گیا، صوبائی وزیرخواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں ڈی جی ہیلتھ سروسزکے دفترمیں واک ہوئی اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے نہ صرف شہریوں میں ماسک تقسیم کیے بلکہ انھیں خود بھی ماسک پہنائے اس موقع پر اپنی گفتگو میں ان کا کہنا تھا صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لئے پنجاب میں 11ہزار ٹیمیں کام کر رہی ہیں، ماضی میں بھی مسلم لیگ ن کی حکومت نے موذی مچھر کا خاتمہ کیا اب بھی شہریوں کو حکومت کا ساتھ دینا ہو گا انھوں نے مزید کہا تمام محکمہ جات ڈینگی پر قابو پانے کے لیے حفاظتی اقدامات کررہے ہیں اور ہمیں اپنے طور پر بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس عفریت پر قابو پاسکیں۔ انسداد ڈینگی ڈے کی مناسبت سے محکمہ تحفظ ماحولیات کی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت سیکرٹری تحفظ ماحولیات ڈاکٹر نعیم روٗف نے کی۔ اس موقع پر سیکرٹری تحفظ ماحولیات کاکہنا تھا کہ ڈینگی کنٹرول کرنے کے لیے عوام کا بھرپور تعاون درکار ہے۔
کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور میو ہسپتال میں ہونے والی انسداد ڈینگی واک کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسین نے کی جبکہ ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر منیر ملک،پروفیسر بلقیس شبیر،ڈاکٹر منیر غوری دیگر طبی ماہرین بشمول نرسز اسٹاف اورپیرا میڈیکس کی بڑی تداد اس آگاہی واک میں شامل تھی جس نے لوگوں کی آگاہی کے حوالے سے پلے کارڈز اور فلیکس اٹھا رکھے تھے جن پر دن کی مناسبت سے حفاظتی تدابیر درج تھیں۔یم ایس میو ہسپتال ڈاکٹرمنیراحمد ملک نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی اور انسدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور اس موقع پر عوام میں آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کئے ان کا کہنا تھا کہ مئیوہسپتال میں آنے والے مریضوں کو صاف ستھراماحول فراہم کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔
سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈٰکل سائنسز میں ڈینگی کی مناسبت سے تمام یونٹ ہیڈز نے اپنے اپنے وارڈز میں دن کی مناسبت سے مریضوں کو آگاہ کیا جس کے لیے پرنسپل سمز پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے ہدایات جاری کیں تھیں اس حوالے سے اپنے خصوصی بیان میں ان کا کہنا تھا ڈینگی کی ابتدائی علامات میں تیزبخار، جسم میں شدید درد اور کمزوری کا احساس، ٹانگوں اور جوڑوں میں درد، سر درد، منہ کا ذائقہ تبدیل ہونا، چہرے کا رنگ سُرخ پڑجانا یا پھر جسم کے بعض اعضاء کا گلابی پڑجانا اور سردی لگنا شامل ہیں۔ اس بخار میں مریض کے جوڑوں اور پٹھوں کا درد اتنی شدت اختیار کرلیتا ہے کہ اسے اپنی ہڈیاں ٹوٹتی ہوئی محسوس ہوتی ہیں اسی لیے اس کو’بریک بون فیور‘ بھی کہا جاتا ہے جبکہ ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر عامر غفور مفتی کی قیادت میں نرسز اور پیرا میڈٰکس نے فلیکسز اور پلے کارڈ آویزاں کرنے کے ساتھ ہسپتال کی صفائی اور اسپرے کے اقدامات کیے تاکہ ڈینگی مچھر کے لاروے کو تلف کرکے ہسپتال کو اس سے پاک رکھا جائے۔
علامہ اقبال میڈیکل کالج اور جناح ہسپتال میں بھی واک اور سیمینار کا اہتمام پرنسپل پروفیسر عارف تجمل کی زیر نگرانی ہوا جس میں ایم ایس ڈاکٹر تحسین،پروفیسر تنویر السلام اور دیگر طبی نے شرکت کی اور عوام تک اس بیماری کے پھیلاؤ کو کم کرنے،حفاظتی تدابیر پر آگاہی اور اپنا کردار ادا کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا کہ کیسے اس ڈینگی مچھر سے اپنے آ پ کو اپنے اردگرد کے لوگوں کو بچانا ہے۔
سرگنگار ام ہسپتال میں ایم ایس ڈاکٹر اطہر یوسف کی قیادت میں ڈینگی آگاہی وا ک کا اہتمام ایمرجنس بلاک میں ہو ا جس میں اے ایم ایس ڈاکٹر کومل اورد یگر طبی عملے نے حاضرین پر اس دن کو منانے کی اہمیت واضح کی اور ان میں پمفلٹس تقسیم کیے جبکہ جنرل ہسپتال میں ہونے والی واک کی قیادت میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد بن اسلم نے کی اور دیگر طبی عملہ ان کے ہمراہ تھا جنہوں نے اس موقع پر لوگوں میں اس بیماری سے بچاؤ اور تحفظ پر آگاہ کیا اس موقع پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ گھروں کی چھتوں پر ناکارہ ساما ن جمع نہ ہونے دیں تاکہ ان میں برسات کا پانی جمع ہو کر ڈینگی مچھر کی افزائش کا باعث نہ بنے جبکہ گرمیوں میں استعمال ہونے والے روم کولر، گاڑیوں کے پرانے ٹائر اور گملوں میں بھی پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرنا کسی کے لئے بھی خطرے سے خالی نہیں ہے۔
گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین گلبرگ لاہور میں گورنمنٹ پنجاپ کی ہدایت پر بسلسلہ ڈینگی آگاہی دن پروگرام کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن سونیا صدف اور ڈی ڈی ایچ او گلبرگ ٹاؤن ڈاکٹر فرید مسعود رانا بطور خاص شرکت کی۔ڈاکٹر عارفہ شوکت اور ڈاکٹر نورین ممتاز نے مختلف سوالات کے ذریعے ڈینگی مچھر سے متعلق نہایت اہم معلومات اساتذہ اور طالبات تک پہنچائیں۔پرنسپل ڈاکٹر نگہت ناہید ظفر نے ڈینگی آگاہی پروگرام کے لئے وائس پرنسپل ڈاکٹر شگفتہ گلریز اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کی ہدایت پر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول غازی آباد کے زیر اہتمام ڈینگی مکاؤ آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ وائس پرنسپل تحسین جعفر نے اپنے سکول سٹاف کے ہمراہ بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔سیمینار میں اسکول اسٹاف سمیت طالبات نے ڈینگی مچھر کے خاتمے کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ اس موقع پر وائس پرنسپل تحسین جعفر نے کہا کہ ڈینگی مچھر کی افزائش کی روک تھام کے لیے گھروں پر موثر اقدامات کرنے ہوں گے اور بارشی پانی سمیت دیگر پانی کو جمع نہ ہونے دے اپنے اپنے گھروں پر گملوں اور چھت کی صفائی کا خاص خیال رکھیں اور گلی محلوں میں ڈینگی مکاؤ سپرے کا اہتمام کیا جائے انہوں نے مزید کہا کہ انسانی زندگی کی حفاظت کے لیے ڈینگی لاروا کی افزائش کا خاتمہ ضروری ہے۔
محکمہ جنگلات وماہی پروری،محکمہ لیبر،انفارمیشن،ایکسائز اینڈ ٹیکسٹیشن،اوقاف،پی ایچ اے،انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج اینڈ آرٹ،چڑیا گھر،غلعی حکومت کے ادارے،کمشنر آفس اور صوبائی حکومت کے دیگر محکموں میں بھی انسداد ڈینگی ڈے کے موقع پر آگاہی واکس کا اہتمام کیا گیا جس میں مقررین نے لوگوں میں ڈینگی کے حوالے سے احساس و شعور اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہمیں گھبرانا نہیں بلکہ اس سے نجات کیلئے اپنے ماحول کو صاف و ستھرا اور خشک رکھنا ہے۔ہمیں ڈینگی سے گھبرانا نہیں بلکہ اس کیخلاف متحد ہوکر لڑنا ہے اور یہ ہی اس کے خاتمہ کا سب سے موثر ذریعہ ہے ہمیں اپنے معمولات میں انسداد ڈینگی کے تمام تقاضوں کو بہرصورت ملحوظ رکھنا ہے۔صوبائی حکومت نے تو انسداد ڈینگی ڈے منا کر لوگوں کو آگا ہ کرنے کی کوشش کی مگر اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نے اپنے اردگرد کاماحول کیسا رکھنا ہے اور صفائی نصف ایمان کے مقولہ کو ترجیع دے کر اپنی سوسائٹی کو ریلیف دینا ہے یہ ہم شہریوں کی ذمہ داری ہے اور ہمیں اس ذمہ داری کو قبول کرتے ہوئے اپنا کردار ہر حال میں ادا کرنے کی روایت کو پروان چڑھانا ہوگا۔