اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ 17جولائی کے انتخابی نتائج عمران خان کے بیانیے کی فتح ہیں، ارکان نے اپنی جان کی پرواہ نہیں کی اورالیکشن میں اپنا کردار ادا کیا۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ جنہوں نے غیرقانونی اقدامات کیے، قانون ان کےخلاف خود راستہ بنائے گا۔
چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ وہ مونس کو کریڈٹ دیں گے کہ اس نے مجھے پکڑ کر رکھا کہ ہلنا نہیں۔
علاوہ زیں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کی صدارت میں ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پی ٹی آئی اور ق لیگ کے ارکان بیوروکریسی کے خلاف پھٹ پڑے۔
ارکان نے حمزہ شہباز کے دور حکومت میں انتقامی اور غیر قانونی کارروائیوں پر چیف سیکرٹری اور آئی جی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں ،سیاست کی تاریخ میں ذوالفقارعلی بھٹو کے بعد عمران خان کا یہ سب سے بڑا سرپرائز اور ان کے بیانیے کی فتح ہے۔
لاہورمیں مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الہیٰ نے کہا کہ حکومت نے انتخابات میں پولیس کا بے دریغ استعمال کیا لیکن پی ٹی آئی کے ارکان نے جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے الیکشن میں اپنا کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے عمران خان کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ سنایا اور وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو مسترد کردیا۔