کوئٹہ: زیارت آپریشن میں مارے گئے افراد کے معاملےکی انکوائری کے لیے بلوچستان ہائی کورٹ کے جج جسٹس اعجاز سواتی کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن تشکیل دے دیا گیا۔
جوڈیشل کمیشن کی سربراہی کے لیے بلوچستان حکومت کی جانب سے جسٹس اعجاز سواتی کا تقرر کیا گیا ہے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق جوڈیشل کمیشن انکوائری مکمل کرکے 30 روز میں رپورٹ حکومت کو جمع کرائےگا، کمیشن تعین کرےگا کہ زیارت آپریشن میں مارےگئے افراد لاپتہ افراد میں سے تھے یا نہیں۔
واضح رہےکہ گزشتہ دنوں زیارت آپریشن میں مغوی کرنل لئیق بیگ اوران کےکزن کی بازیابی کیلئے اوربعد میں آپریشن میں 9 افراد مارے گئے تھے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مارے گئے دہشتگردوں کو پروپیگنڈا کر کے معصوم شہری ظاہر کرنےکی کوشش کی گئی تھی، دہشت گردوں کو پہلے سے لاپتہ افراد کی فرضی لسٹ میں ڈالنےکی بھی کوشش کی گئی تھی۔