چلی میں تانبے کی کان کے قریب اچانک ایک گڑھا نمودار ہوگیا جو 25 میٹر چوڑا اور تقریباً 200 میٹر گہرا ہے۔
چلی کے میڈیا کے مطابق دارالحکومت سینٹیاگو کے شمال میں تقریباً 665 کلومیٹر کے فاصلے پر ٹائرا امریلا نامی قصبے سے چند میٹر دور تانبے کی کان کے قریب ایک گہرا گڑھا نمودار ہوا، جسے دیکھ کر حکام بھی حیران رہ گئے۔
رپورٹس کے مطابق چلی کے ماہر ارضیات کو ہفتے کے روز اچانک نمودار ہونے والے گہرے گڑھے کے بارے میں اطلاع ملی جس کے بعد انہوں نے تحقیقات کیلئے عملے کو بھیجا۔
حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ گڑھا 25 میٹر چوڑا جبکہ تقریباً 200 میٹر گہرا ہے جبکہ اس کے اندر سے کسی قسم کا کوئی مواد برآمد نہیں ہوا البتہ اس میں کافی مقدار میں پانی دیکھا گیا۔
پیر کو حکام کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اچانک نمودار ہونے والے گہرے گڑھے سے کان میں کام کرنے والے مزدور اور دیگر آبادی بالکل محفوظ رہی جبکہ قریبی علاقے کو آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا۔
حکام کے مطابق واقعے کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے تکنیکی تجزیہ جاری ہے۔